\
اتوار‬‮   1   فروری‬‮   2026
 
 

پاک بھارت بڑا مقابلہ، کون کھیلے گا سیمی فائنل؟ آج روایتی حریفوں میں جوڑ پڑے گا

       
مناظر: 627 | 1 Feb 2026  

انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 میں آج بھارت اور پاکستان کے درمیان سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے انتہائی اہم اور فیصلہ کن ٹاکرا ہے۔

یہ اہم میچ آج اتوار کو زمبابوے میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے اور بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

یہ مقابلہ سپر سکس مرحلے کا آخری میچ ہے اور سیمی فائنل کے لئے ایک ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے، گروپ 2 سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ دوسری ٹیم بھارت یا پاکستان ہو گی۔

بھارت اس وقت چھ پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن میں ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ 3.337 ہے، بھارت کے لئے بہت آسان ہے اسے صرف میچ جیتنا ہے اور وہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گا۔

لیکن دوسری جانب پاکستان کے چار پوائنٹس ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 1.484 ہے جو بھارت سے خاصا کم ہے۔ پاکستان کو نہ صرف یہ میچ جیتنا ہوگا بلکہ بڑے مارجن سے جیتنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ پوائنٹس میں بھارت کی برابری کے ساتھ نیٹ رن ریٹ میں بھی آگے نکل سکے۔

اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بناتا ہے تو اسے کم از کم 85 رنز سے فتح درکار ہوگی، اگر پاکستان پہلے بالنگ کرے اور بھارت کو تقریباً 200 رنز تک محدود رکھے تو ہدف 31.5 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔

اگر بھارت 251 رنز بناتا ہے تو پاکستان کو تقریباً 33.2 اوورز میں یہ ہدف حاصل کرنا ہوگا تاکہ سیمی فائنل میں رسائی ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ یہ مقابلہ محض جیت ہار کا نہیں بلکہ رنز، اوورز اور اعصاب کا امتحان ہوگا جہاں ایک چھوٹی سی لغزش کسی ایک ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر کر سکتی ہے۔