اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) چین نے صدر شی جن پنگ کے جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بالواسطہ اعلان کردیا۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم لی چیانگ نئی دہلی میں منعقدہ سربراہ اجلاس میں چین کے وفد کی قیادت کریں گے۔
گارڈین کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں چین کے وفد کی قیادت ملک کے وزیر اعظم لی چیانگ کریں گے، اس کا اشارہ یہ ہے کہ شی جن پنگ کے جی 20 اجلاس میں شرکت کا انکار کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف روئٹرز کا کہنا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے وزیر اعظم کے چین کے وفد کی قیادت کرنے کے اعلان میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ صدر شی جن پنگ وہاں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کے امکانات کو نظر انداز کریں گے۔
واضح رہے کہ چین کے خارجہ امور کے ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کے اس دعوے سے اختلاف نہیں کیا کہ شی جن پنگ سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ چین کے صدر اور وزیراعظم ایک ہی وقت میں ملک سے باہر ہوں گے۔
9 سے 10 ستمبر تک ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس میں چین اور امریکا کے صدور کی ممکنہ ملاقات کے مقام کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ چین کے صدر دہلی میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے لیکن اس کے بعد امریکی حکام نے شی جن پنگ کی اجلاس میں شرکت مشکوک ہونے کی اطلاعات کے بعد دونوں صدور کی ملاقات کے امکانات کو نظر انداز کر دیا تھا۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شی جن پنگ کی غیر موجودگی جی 20 سربراہ اجلاس کے میزبان بھارت کے لیے ایک دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔
بھارت کو جھٹکا ، چین کا صدر شی جن پنگ کے جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا بالواسطہ اعلان
مناظر: 696 | 5 Sep 2023