واشنگٹن (نیوز ڈیسک )امریکا نے پاکستان میں خودکش حملوں کی مذمت کی ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام دہشتگرد حملوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلا خوف و خطر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے مستحق ہیں۔پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے متمنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کے ساتھ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون جاری ہے، ان میں دہشتگرد گروہوں کی فہرست، عالمی حکمت عملی سمیت متعدد امور شامل ہیں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ سال کے ابتدا میں مشترکہ دہشتگردی خطرات پر ایک ڈائیلاگ میں تبادلہ خیال ہوا، سرحدی حفاظت، دہشتگردوں کی مالی معاونت جیسے مسائل پر تعاون کیلئے حکمت عملی پر بات ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی بہتر طریقے سے مدد کیلئے کام جاری رکھیں گے۔