میکسیکو سٹی (نیوز ڈیسک ) شمالی میکسیکو کے شہر سیوڈاڈ جواریز کی ایک جیل پر مسلح افراد نے حملہ کیا، جس میں 14 افراد ہلاک جب کہ 24 قیدی فرار ہوگئے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چیہواہوا کے ریاستی استغاثہ کے دفتر نے بتایا کہ اتوار کے روز بکتر بند گاڑیوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے جیل پر حملہ کیا۔ ہلاک ہونے والوں میں جیل کے 10 محافظ اور سیکیورٹی ایجنٹ شامل تھے۔
حملہ طلوعِ آفتاب سے پہلے کیا گیا ، سیکیورٹی فورسز نے پانچ گھنٹے بعد حالات پر قابو پایا۔ امریکی سرحد کے قریب اس جیل پر حملے کے بعد قیدیوں میں بھی ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔ حملے سے چند لمحے قبل، مسلح افراد نے قریبی بلیوارڈ کے ساتھ میونسپل پولیس پر فائرنگ کی۔ اس کے بعد ہمر میں حملہ آوروں نے جیل کے باہر سیکیورٹی ایجنٹس کے ایک اور گروپ پر فائرنگ کی۔
حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا جب کئی قیدیوں کے رشتے دار احاطے کے باہر نئے سال کی آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ جیل کے اندر کچھ قیدیوں نے مختلف اشیاء کو آگ لگا دی اور جیل کے محافظوں سے بھی جھڑپ کی۔ پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ جیل میں تشدد سے، جہاں مختلف مجرمانہ گروہوں اور منشیات کے کارٹلز کے قیدیوں کو الگ الگ سیل بلاکس میں رکھا گیا ہے، 13 افراد زخمی ہوئے۔ حملے میں چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
میکسیکو میں مسلح افراد کا جیل پر حملہ، 14 افراد ہلاک ، 24 قیدی فرار
مناظر: 540 | 2 Jan 2023