انقرہ(نیوز ڈیسک ) ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، 7.8 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شام میں اب تک 250 کے قریب افراد ہلاک جبکہ ترکیہ میں 100 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انٹپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیے کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے۔