اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے بڑھ گئی ہیں، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانےکے لیے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور آفٹرشاکس کے باعث لوگ شدید خوفزدہ بھی ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔ترکیہ اور شام میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا، زلزلے سے ترکیہ میں 2 ہزار 921 جب کہ شام میں ایک ہزار 420 افراد جان سےگئے، مجموعی طور پر 16ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیرکی صبح 4 بجکر 17 منٹ پر آیا جب لوگ گہری نیند میں تھے۔