اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) مصر کی اسیوط یونیورسٹی کی فیکلٹی آف میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمنعم الخطیب کی اہلیہ ’ھبہ القبانی‘ّ مسجد الحرام میں طواف کے دوران انتقال کر گئیں۔
مصری خاتون کے خاوند ڈاکٹر عبدالمنعم الخطیب نے مسجد الحرام میں اپنی اہلیہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پوسٹ کی جو وائرل ہے۔
مسجد الحرام میں سیکیورٹی اہلکار عمرہ زائرین کی رہنمائی کر رہے ہیں
العربیہ اور مصری جریدے الاسبوع کے مطابق مصری خاتون کو مکہ مکرمہ کے الشرائع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
سیاحتی کمپنی کے ماالک عادل فتوح نے بتایا کہ ’ھبہ القبانی کا انتقال رمضان کی اسی تاریخ کو ہوا جس روز کئی سال قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا‘۔
عادل فتوح نے بتایا کہ مصری خاتون نے ہماری کمپنی کے توسط سے عمرہ پیکیج حاصل کیا تھا۔ مسجد نبوی ریاض الجنہ کی زیارت کرچکی تھیں۔
ھبہ القبانی کے ایک عزیزنے بتایا کہ ’وہ پانچ بچوں کی ماں تھیں۔ عمرے کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے پر انتقال ہوا۔
’وہ روزے سے تھی، عمرے پر جانے سے قبل ان کی خواہش تھی کہ مکہ مکرمہ میں انہیں موت آئے‘۔
مصر کی اسیوط یونیورسٹی کی فیکلٹی آف میڈیسن میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالمنعم الخطیب نے فیس بک کے اپنے اکاؤنٹ پر اہلیہ کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے ادبی پیرائے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’اللہ کی امانت تھی، اس کے حوالے ہوگئی، نوشتہ تقدیر پر راضی ہیں۔ میری رفیق سفر، دکھ سکھ کی ساتھی، فرمانبردار اور صالح تھیں۔
’اپنے اعزہ کا خیال رکھتی تھیں۔ میرے ماں باپ کا احترام اپنے والدین کی طرح کرتی تھیں‘۔