اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کی متعدد ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں رام نومی کے جلوسوں کے دوران بھارت کی متعدد ریاستوں میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور توڑ پھوڑ کی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔جن میں31مارچ 2023کو بہار شریف میں انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے ایک مدرسے اور اس کی لائبریری کو نذر آتش کیا گیا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہےکہ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ تشدد اور توڑ پھوڑ کی ان اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت کرتاہے جو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کی عکاس ہیں۔ جاری بیان کے مطابق او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ ایسی کارروائیوں پر اکسانے والے اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں اور ملک میں مسلم کمیونٹی کے تحفظ، سلامتی، حقوق اور وقار کو یقینی بنائیں۔