اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) چین نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے اورکسی بھی یکطرفہ کارروائی سے گریز کرنا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ چن گانگ دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں جو ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ایک اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔دونوں فریقوں نے اسلام آباد میں پاکستان چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی اہمیت اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔چین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا تنازعہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق مناسب اور پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ بیان کے مطابق فریقین نے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کی جو پہلے سے غیر مستحکم صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتا ہو۔ہمسائیگی میںچین کی سفارت کاری میں پاکستان کے خصوصی مقام کی تصدیق کرتے ہوئے چین نے پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ اس کے اتحاد، استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔