سرینگر16 مئی (نیوز ڈیسک ) سعودی عرب میں قتل ہونے والے 24 سالہ کشمیری نوجوان ذاکر نبی بٹ کے اہلخانہ نے کہاہے کہ ایک بھارتی شہری نے ان کے بیٹے کو قتل کیاہے۔
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والا ذاکر نبی بٹ جو سعودی عرب میں جے سی بی (ایکسکیویٹر)آپریٹر کے طور پر کام کر تاتھا، بھارتی ڈرائیور کی جانب سے دانستہ طورپرایکسکیویٹرکی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا ہے ۔ ذاکر کے اہل خانہ کے مطابق آسام کے ایکسکیویٹرڈرائیور کا کچھ دن پہلے ذاکر کے ساتھ جھگڑا ہوگیا تھا اور وہ اسے مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔انہوں نے کہاکہ ذاکر گزشتہ چھ ماہ سے سعودی عرب میں کام کر رہا تھا۔ اس نے ہمیں اطلاع دی تھی کہ آسام کا ایک ہندوستانی شہری بھی اس کے ساتھ کام کرتا ہے اسے خوفزدہ کر رہا ہے۔اہلخانہ نے بتایا کہ گزشتہ روز آسام کے رہائشی نوجوان کی طرف سے تعمیراتی مقام پر ذاکر ایکسکیویٹرکی ٹکر سے جاںبحق ہو گیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سعودی حکومت پر زور دیا ہے کہ ذاکر کے قتل میں ملوث ہندوستانی شہری کو سخت سزا دی جائے، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔2014میں جب سے نریندر مودی کی زیرقیادت مسلم مخالف حکومت بھارت میں برسراقتدار آئی ہے،بھارت میں اور بیرون ملک بالخصوص یورپ اور مشرق وسطی میں مسلمانوں پر حملوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔