سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اورایجنسیاں منشیات کوفروغ دینے میں پیش پیش ہیں اورمنشیات کی بآسانی دستیابی کے باعث کشمیری نوجوانوںکا اس کی طرف رحجان روز بروز بڑھ رہا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کشمیر میں زیادہ تر منشیات جن میں شراب، چرس، گانجہ، کوکین ، ہیروئن اور نشہ آورانجکشن شامل ہیں ، بھارتی فوج، اس کی ایجنسیاں اورآرایس ایس جیسی ہندوانتہاپسند تنظیمیں فراہم کررہی ہیں۔ بھارتی فوج کے مظالم ،گھروں پر چھاپوں، نظربندیوں، ہراسانی، معاشی مشکلات اور بے روزگار ی جیسے مسائل سے دو چارکشمیری نوجوانوں کوورغلانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں اور انہیں ان گھنائونے اور غیر انسانی کاموں میں ملوث کیا جا رہا ہے، تاکہ انہیں تحریک آزادی کشمیر سے دورکیا جائے۔ نوجوان بھارتی ایجنسیوں کا خاص طورپرنشانہ ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں تحریک آزادی میں ان کا کلیدی کردار ہے ۔ اسی لئے بھارتی فوج اور ایجنسیاں کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہیں اورمقبوضہ جموں وکشمیر اورخاص طورپر وادی کشمیر میں منشیات کا پھیلائو ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کی سرپرستی بھارتی فوج اور ایجنسیاں کررہی ہیںورنہ ایک چھوٹے سے خطے میں دس لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں منشیات کا اس طرح پھیلائو کیسے ممکن ہے؟