اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے اہم میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے دی۔
دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے 49.2 اوورز میں 313 رنز بناتے ہوئے بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز 79 ، معاذ صداقت 59 اور فرحان یوسف 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بھارت کی جانب سے ہرشت رانا ، پرنس یادیو ، سوریانش اور وپراج نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، ایوش بادونی نے بھی ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔
314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم49.1 اوورز میں 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بھارت کی جانب سے تلک ورما نے سنچری اسکور کی جبکہ ابھیشک شرما 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان شاہینز نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو دباو میں رکھا، حسن نواز اور علی رضا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، سفیان اور احمد دانیال نے بھی 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں اب تک 14 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں بھارت اے نے 9 اور پاکستان شاہینز نے 5 میچز جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، جس میں پاکستان شاہینز نے 128 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔