واشنگٹن (نیوز ڈیسک )بیرون ملک مقیم کشمیری5 جنوری بروز جمعرات یوم حق خود ارادیت منائیں گے ۔ 1949 میں اس دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیاگیا تھا۔
ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری تارکین وطن دنیا کے مختلف دارالحکومتوں میں عوامی ریلیاں، سیمینارزاورجلوس نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اور نیویارک میں ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے اور بھارتی قابض افواج کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹرکوں کا اہتمام کیا ہے۔ ڈاکٹر فائی کے مطابق ڈیجیٹل ٹرک صبح 10.00 بجے سے شام 6.00 بجے کے درمیان واشنگٹن اور نیویارک کے شہروں میں گھومتے رہیں گے اور ان ٹرکوں پر کشمیر میں بھارت کی فوجی اور ریاستی دہشت گردی بند کرانے کے نعرے درج ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیا کے خطے میں جوہری تناؤ کی وجہ بن چکا ہے۔ لہذا جنوبی ایشیا کو پرامن بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا گیا تو جنوبی ایشیا کے خطے میں حالات کو معمول پر لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر فائی نے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر ایڈلائی سٹیونسن کا حوالہ دیا جنہوں نے 15جون 1962کو کہا تھا کہ جنوبی ایشیا کے امن و سلامتی کے وسیع تر مفاد کے لیے ہمیں ایسا لگتا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا فوری تصفیہ ضروری ہے۔
تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے 5جنوری کو واشنگٹن، نیویارک کی سڑکوں پر ڈیجیٹل ٹرک چلیں گے
مناظر: 341 | 3 Jan 2023