اسلام آباد (نیوز ڈیسک )کشمیربھارت کا اندونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جسے اس کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت ایک حقیقت ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے۔ 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ بھارت کی توسیع پسندانہ ذہنیت اسے یہ تسلیم کرنے سے روک رہی ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کے 5اگست 2019کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے کشمیریوں کے حق کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیرمیںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کے لیے بھارت پر دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں مدد دے۔
کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے: رپورٹ
مناظر: 327 | 19 Feb 2023