رائے پور (نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور کے علاقے گدھیاری میں ایک نابالغ لڑکی پر مبینہ طور پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرنے اور اسے سڑک پر گھسیٹنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق گدھیاری کے علاقے میں ہفتے کی رات کو اس وقت سنسنی پھیل گئی جب جب ایک ادھیڑ عمر شخص کو ایک 16 سالہ نابالغ زخمی لڑکی کو بالوں سے گھسیٹتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہوئی جس پر مقامی پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے متاثرہ اور ملزم کی شناخت کی جس کے بعد اس سلسلے میں گدھیاری پولیس سٹیشن میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی حالت تشویشناک ہے اور وہ ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی میں ہے۔
رائے پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) پرشانت اگروال کے مطابق ملزم کی شناخت 47 سالہ اومکار تیواری عرف منوج کے نام سے ہوئی ہے جب کہ متاثرہ لڑکی اس کی دکان پر کام کرتی تھی۔
واقعہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کی نوکری چھوڑنے کی تجویز اور دیگر مسائل سے ناراض ہو کر ملزم نے نابالغ لڑکی پر حملہ کیا۔ دریں اثنا پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر نابالغ لڑکی سے شادی کی پیشکش کی تھی، جسے متاثرہ کی ماں نے مسترد کر دیا تھا۔ انکار پر مشتعل ہو کر ملزم نے نابالغ لڑکی پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا اور اسے سر عام بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹتا رہا۔