ممبئی (نیو زڈیسک ) ٹیپو سلطان کے خاندان نے سیاسی محاذ آرائی میں ٹیپو سلطان کا نام استعمال کرنے پر سیاسی جماعتوں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاست کرناٹک کے انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی ایک دوسرے پر برتری لے جانے کیلئے مرحوم حکمران ٹیپو سلطان کا نام استعمال کر رہی ہیں۔
صاحبزادہ منصور علی خان ٹیپو سلطان کی ساتویں نسل سے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے ایک مقدمہ درج کروائیں گے اور حکم امتناعی بھی لیں گے کہ ٹیپو سلطان کا نام سیاسی مفاد کیلئے نا لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ٹیپو سلطان کے خاندان اور ان کے ماننے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔
صاحبزادہ منصور علی خان نے کہا کہ ہم نے ٹیپو سلطان کے خاندان کا رکن ہونے کی وجہ سے اپنی قانونی ٹیم سے بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہتک عزت اور حکم امتناعی کیلئے کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے بی جے پی ہو یا کانگریس، کسی سیاسی جماعت نے ٹیپو سلطان کیلئے کچھ نہیں کیا، صرف ان کا نام استعمال کرکے ووٹ تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔
قبل ازیں کرناٹک کے بی جے پی چیف نلین کمار قتیل نے کہا تھا کہ اس بار ریاستی اسمبلی کے انتخابات کانگریس اور بی جے پی کے بیچ نہیں بلکہ ساورکر اور ٹیپو سلطان کے نظریات کے بیچ لڑے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بعد میں ایک تقریر کے دوران متنازع بات کی تھی کہ رام اور ہنومان کو ووٹ دے کر ٹیپو سلطان کی نسلوں کو بھگا دیں۔
ٹیپو سلطان کے خاندان کا بھارتی سیاست دانوں کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ
مناظر: 905 | 22 Feb 2023