سرینگر(نیوز ڈیسک ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں ،کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے ،سوپور قصبے میں ایک دھماکے میں ایک شہری زخمی ہو گیا ۔کولگام میںمٹی کا تودہ گرنے سے متعدد عمارتوںکو نقصان پہنچا،ریل کی ٹکر سے ایک شہری جانبحق ہوگیا
کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں بھارتی فوج نے کئی علاقوں میں چھاپے مارے ،اس دوران کئی علاقوں کا محاصرہ کیا گیا ،کئی افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی،علاوہ ازیں سوپور قصبے میں شہری قصبے کے علاقے وار پورہ میں ایک گھر کے قریب پراسرار دھماکے میں زخمی ہوا۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے ۔
ضلع کولگام میں آج مٹی کا تودہ گرنے سے کم سے کم ایک رہائشی مکان اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ جمعرات کی صبح ضلع کے علاقے نورآباد میں مٹی کا تودہ گرا جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے ایک رہائشی مکان اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثناء ایک شخص ریل گاڑی کی زد میں آنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ثناء اللہ بٹ نامی شخص بڈگام سرینگر سیکشن پر ریل کی زد میں آنے کیوجہ سے زخمی ہوا ۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیدیا۔ متوفی ضلع پلوامہ کے علاقے لاجورہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پولیس نے حادثے کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا۔