سرینگر (نیوز ڈیسک)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے 22مئی کو مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال اور احتجاج کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت بشمول صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مشترکہ طور پر دی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدرکی تصاویر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے مونوگرام والے پوسٹروں پردرج تحریروں میں کہاگیاہے کہ “بھارت کے غیر قانونی طور پرزیرقبضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر میں 22مئی کو سرینگر میں گروپ 20کے اجلاس کے انعقاد کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف مکمل ہڑتال کی جائیگی “۔پوسٹروں میں مزیدکہا گیاکہ ہڑتال کا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں 22سے 24مئی تک سرینگر میں منعقد ہونیوالے G-20اجلاس کو مسترد کرتے ہیں۔