سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجی افسر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کرنے والا ملک ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمانعیم احمد خان، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر مسلم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے یہ بات بھارتی فوج کی19 انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل اجے چاندپوریا کے شمالی کشمیر میں اسلحہ کی برآمدگی کے بارے میں مضحکہ خیز دعووں کے ردعمل میں کہی۔حریت رہنمائوں نے فوجی افسر کے دعوے کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف اپنے جرائم کو چھپانے اور پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ میں جمع کرائے گئے ڈوزیئرز کا جس میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں،توڑ کرنے کی کوشش قرار دیا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سیاسی حقوق کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اس طرح کے شوشے چھوڑرہاہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میجر جنرل اجے چاند پوریانے اتوار کو دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو گرفتار اور نظربند کرنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ اوریو اے پی اے جیسے کالے قوانین کا استعمال کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔انہوں نے عالمی قوانین کے برعکس مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کئے جانے پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کااظہارکیا۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ فسطائی مودی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر کشمیریوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں آباد کر رہی ہے۔
بھارت بین الاقوامی قوانین کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کررہا ہے: حریت رہنما
مناظر: 762 | 26 Dec 2022