اسلام آباد (نیوز ڈیسک )دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہر ہ بلوچ نے اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران کہاکہ گزشتہ سال بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیرمیں214کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 57کوحراست کے دوران یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ صرف گزشتہ ایک ہفتے میں بھارتی فوجیوں نے جموں کے علاقے سیدھرہ میں چار افراد کو جعلی مقابلوں میں قتل کیااور بعدازاں ان کے چہرے مسخ کر دیئے ۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اس المیے کا نوٹس لیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا چار ہزار سے زائد کشمیری بدستور مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں قید ہیں، سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو نشانہ بنانے اور قید کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنی سا لمیت کو لاحق کسی بھی خطرے سے لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔