اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے دعویٰ کیا ہےکہ پی ٹی اے نے پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ بند کردی ہے۔
بابر اعوان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بندش کا بھی نوٹس لیا جائے، بانی پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرح بانی پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل بھی پبلک کیا جائے، صرف شہادت قلم بند کرتے وقت بانی پی ٹی آئی کو عدالت لایا جاتا ہے، ان کے مقدمے میں انصاف کا قتل ہورہا ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے کہ عدالت کو اظہار رائے کی آزادی کا علم ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ نوازشریف ملک نہیں صرف اپنا کاروبار سنبھال سکتے ہیں، ان کے وزیراعظم بننے کا کوئی چانس نہیں، جتنے بھی قبیلے اورقومیتیں ہیں، آرٹیکل 14 کے تحت ان سب کا احترام لازمی ہے۔