ممبئی (نیو ز ڈیسک ) بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جسے سننے کے بعد ہر کسی کو بالی وڈ فلم کے کسی اسکرپٹ کی یاد آگئی۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے شہر لکھنؤ کے ایک گاؤں مہاراج گنج میں آٹھویں جماعت کے طالبعلم نے چھٹی جماعت کی طالبہ کے گھر میں گھس کر اس کے گلے پر چاقو رکھ کے اس کی مانگ سندور سے بھردی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شام کو پیش آیا جب 16 سالہ لڑکا اپنے دوست کے ہمراہ 14 سالہ لڑکی کے گھر پہنچا، لڑکے نے دیوار پھلانگی اور گھر میں داخل ہوا تو دیکھا لڑکی صفائی کررہی تھی۔ لڑکے نے لڑکی کے گلے پر چاقو رکھا اور زبردستی مانگ بھردی، لڑکی نے خوفزدہ ہوکر چیخ ماری ، اس سے پہلے کوئی آتا، لڑکے وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکی کا باپ ڈرائیور ہے جب وہ گھر پہنچا اور معاملے کا علم ہوا تو اس نے پولیس میں شکایت درج کروادی۔ تاہم پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے موٹر سائیکل کا پتا لگایا اور لڑکوں کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کرلیا۔ ابتدائی بیان میں لڑکے نے بتایا کہ وہ اس لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اسی سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا۔ لڑکی کے والد نے پولیس کو بتایا یہ لڑکا اسکول میں بھی بچی کو تنگ کرتا تھا جس پر ہم نے اسکول ہی تبدیل کروادیا تھا لیکن وہ اب گھر آن دھمکا۔
بھارتی طالبعلموں کی انتہا پسندی، گھر میں گھس کر چاقو کے زور پر لڑکی کی مانگ بھردی
مناظر: 462 | 14 Jan 2023