نئی دہلی(نیوز ڈیسک )بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس کاٹجو نے کہاہے کہ ملک کے ٹی وی اینکرز کو جب تک فرقہ پرستی پھیلانے پر سزا نہیں ملے گی ، وہ باز نہیں آئیں گے۔
جسٹس کاٹجو نے ٹی وی اینکرز کے بارے میں سپریم کورٹ کے حالیہ تبصرے پر کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سے کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔انہوں نے کہاکہ یہ محض بیان بازی ہے فیصلہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا بک چکا ہے اور آزادی اظہار پر پہرہ ہے۔جسٹس کاٹجونے ایک ویب سائٹ پر سپریم کورٹ کی حالیہ آبزرویشن پر اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صرف ڈانٹ ڈپٹ سے کوئی فائدہ نہیں۔ ٹی وی اینکرز ڈانٹ ڈپٹ کے باوجود اپنی روش نہیں بدلیں گے جب تک کہ انہیں سخت سزا نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہاکہ فرقہ پرستی پھیلانا تعزیرات ہند کی دفعہ 153Aاور دفعہ 295Aکے تحت قابل سزا جرم ہے۔یہ دیکھا گیا ہے کہ عدالتیں اکثر فرقہ پرستی کے خلاف تقریریں کرتی ہیں، لیکن اسے پھیلانے والوں کو سزا نہیں دیتیں۔انہوں نے کہاکہ خالی بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ٹی وی اینکرز فرقہ واریت پھیلا کر اپنی روزی کماتے ہیں۔کوئی بھی اپنے پیٹ پر لات نہیں مارے گا جب تک کہ اسے خوف نہ ہو کہ ایسا کرنے پر سخت سزا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ ٹی وی اینکرز جانتے ہیں کہ عدالت کی ڈانٹ ڈپٹ محض بیان بازی ہے جبکہ حکومت ان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
بھارتی ٹی وی اینکرز کو جب تک فرقہ پرستی پھیلانے پر سزا نہیں ملے گی وہ باز نہیں آئیں گے: جسٹس کاٹجو
مناظر: 772 | 18 Jan 2023