سرینگر (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے آج جماعت اسلامی کی کم از کم 20 مزید جائیدادیں ضبط کر لیں۔
یہ جائیدادیں نئی دہلی کے زیر کنٹرول”سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) کی سفارشات پر وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں ضبط کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد تنظیم کو کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی میں اس کے کردار پر نشانہ بنانا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہا گیا کہ ’ایس آئی اے‘ آج مقبوضہ علاقے کے سری نگر، بڈگام، پلوامہ اور کولگام اضلاع کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) سری نگر نے پہلے ہی جماعت اسلامی کی تین جائیدادوں اور تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کے دو منزلہ مکان کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا جو سری نگر کے علاقے برزلہ میں واقع ہے۔
یاد رہے کہ” ایس آئی اے“ نے مقبوضہ جموںوکشمیر بھر میں جماعت اسلامی کی 188 جائیدادوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جن میں سے بیسیوں جائیدادیں ضبط کی جاچکی ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر:انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی مزید 20 جائیدادیں ضبط کر لیں
مناظر: 789 | 24 Dec 2022