اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔‘
انہوں ںے منگل کے روز جیو نیوز کو بتایا کہ ’حملے کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکسی کا ڈرائیور بے گناہ تھا، اس کا کوئی قصور نہیں تھا۔’ ’ملزم نے ٹیکسی کرائے پر حاصل کی تھی، یہ افراد ضلع کرم سے چلے اور راولپنڈی میں آکر ٹھہرے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید بتایا کہ ’خودکش حملے کے ہینڈلرز کو بھی پکڑ لیا گیا ہے، ہم نے چار پانچ لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔‘
جمعے کے روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس ناکے کے قریب خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے تھے۔
جمعے کو یہ خودکش دھماکہ سیکٹر آئی ٹین فور میں پولیس کی جانب سے ایک ٹیکسی کی تلاشی کے دوران ہوا۔
اسلام آباد پولیس نے دھماکے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ’اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روکا تو گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو اُڑا دیا۔‘
دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔
امریکی سفارت خانے کا اپنے سٹاف کے لیے حفاظتی ہدایات نامہ جاری
دھماکے کے بعد اسلام آباد میں دہشت گردی کے خدشات کے باعث امریکی سفارت خانے نے اپنے سٹاف کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کر دیں۔
اتوار کو امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر ایک ہدایت نامہ جاری کیا گیا کہ ’تمام سفارتی عملہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کرے۔‘ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ’حکومت کو اس بات کا علم ہے کہ نامعلوم افراد چھٹیوں کے دوران اسلام آباد میں واقع میریٹ ہوٹل میں امریکیوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔‘
’سفارت خانے کی جانب سے اپنے سٹاف کو اسلام آباد میں واقع میریٹ ہوٹل جانے سے منع کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد میں ریڈ الرٹ ہے۔‘
سفارت خانے کے مطابق ’تمام سفارتی عملے کو اسلام آباد میں چھٹیوں کے دوران غیر ضروری اور نجی سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔‘
دھماکے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ
جمعے کو اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
اتوار کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریڈزون سمیت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔
’شہری سفر کے دوران اپنی ضروری شناختی دستاویزات ساتھ رکھیں، اور ریڈزون اور دیگر جگہوں پر چیکنگ کے دوران تعاون کریں۔‘
اسلام آباد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوراً 15 پر اطلاع کریں۔‘