لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلنےکا فیصلہ اُس وقت ہوگا جب حکومت کہےگی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی جانب سے ازخود اے سی سی کے سالانہ کلینڈر کے اعلان کے بعد بھارتی اسپورٹس ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے جےشاہ کے حوالے سے کی گئی ٹوئٹ پر کہا کہ سوشل میڈیا پر جےشا ہ کوجواب دےکر غصےکا اظہارنہیں کیا، اے سی سی کے کلینڈر شیڈول کا اعلان کرنے سے قبل ہمیں ایک فون کر کے مشورہ کر لیتے، جے شاہ کو یکطرفہ طور پر اعلان کرنےکی ضرورت کیا تھی۔
انھوں نے کہا کہ جب پوری ایشین کرکٹ کونسل موجود ہے تو مشاورت ہی کر لیتے، ہم سے تو نہیں پوچھاگیا، یہ اچھی بات نہیں ہےکہ خود ہی اعلان کر دیا،کسی کو پوچھا ہی نہیں، اس کا مطلب ہےکہ اگلی مرتبہ جب میں صدر بنوں گا تو یہی راستہ اختیار کروں گا، ساری کونسل کا مؤقف جانے بغیر میں بھی گھربیٹھےاعلان کردوں تو یہ اچھی بات نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ جے شاہ نے اس سےقبل بھی ایشیا کپ سےمتعلق بیان دیا تھا، رمیز راجا نے بھی ناراضی کا اظہارکیا تھا، ایک طرف آپ چاہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلے، دوسری طرف آپ کہتے ہیں پاکستان آکر ایشیا کپ نہیں کھیلنا، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونی ہے تو کیا وہ بھی نہیں کھیلیں گے، اصول کی بات تو یہ ہےکہ آپ ہمیں دعوت نہ دیں تو ہم بھی نہیں آئیں گے، آپ کو بھی دعوت نہیں دیں گے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ آزاد ہے، سیاست کو دور رکھنا چاہیے، جے شاہ سے رابطےکی کوشش کی گئی، فیصل حسنین نے ای میلز کیں لیکن جواب نہیں آیا، کم ازکم جواب تو دینا چاہیے، میں اپنے نوجوان ساتھی سے ملنا چاہوں گا، میری انو راگ ٹھاکر کے ساتھ دوستی رہی ہے، آپ لوگوں کی سیاست اپنی جگہ لیکن ہمارے اپنے تعلقات تو ہونے چاہئیں، سب چاہتے ہیں کہ پاک بھارت میچ ایک نہیں دو ہوں، اس سے ریونیو بھی ملتا ہے، فینز بھی دیکھتے ہیں، ہم توکہیں گے ایشیاکپ پاکستان میں ہونا چاہیے، پاکستان میں سب بڑے ممالک آچکےہیں اب تو سکیورٹی ایشو نہیں ہے، انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ اس سال آچکے ہیں، اب باقی کیا رہ گیا ہے، ہم درخواست نہیں کر رہے ہمارا حق ہےکہ آپ آئیں اور یہاں آکرکھیلیں، ملکوں میں لڑائی جھگڑے چلتے رہتےہیں لیکن کرکٹ جاری رہنی چاہیے۔
پاکستان میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کرانےکا جب ایشو اٹھا تو تب دیکھیں گے، نیوٹرل وینیو پرکھیلنےکی بات پتا نہیں کیوں کی جاتی ہے، یہ نیوٹرل وینیو کیا ہے، ہم حکومت سے رابطہ کریں گے،حکومت اوکےکرےگی تو ہم بھی اوکےکر دیں گے، اگر حکومت انکار کرے گی تو ہم بھی ’’نو‘‘ کریں گے۔