مظفرآباد (نیوز ڈیسک ) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر بریڈلی پارکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر کا اب تک حل نہ ہونا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
بیرسٹر سلطان نے بائیڈن انتظامیہ کی توجہ مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا خاص طور پر امریکہ اس تنازعہ کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے. بریڈلی پارکر نے آج (جمعہ) مظفر آباد میں صدر آزاد کشمیر سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔
امریکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری
مناظر: 419 | 14 Jan 2023