جموں (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع راجوری میںایک نوجوان کو زیر حراست قتل کر دیا۔نوجوان کے قتل کیخلاف زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔
یہ واقعہ گزشتہ شب ضلع کے علاقے کالا کوٹ میں پیش آیا ہے ۔کالا کوٹ کے گاؤں داگل کے رہائشی23سالہ شیر سنگھ کو پولیس نے ایک ناکے سے گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں اس کی لاش اہلخانہ کے حوالے کی گئی ہے۔اہلخانہ اور مقامی لوگوں نے لاش سڑک پر رکھ کرکئی گھنٹے تک زبردست احتجاج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں ۔ انہوں نے نوجوان کی ہلاکت کا ذمہ دار پولیس کو قرار دیتے ہوئے مجرم اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔