اسلام آباد5فروری(نیوز ڈیسک )وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج 5 فروری کو ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس دن حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں اور پوری دنیا کے سامنے یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کو نہیں بھولنے دیں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیرکے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اس دن کے موقع پر ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین، منظم اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکے اور بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ علاقے تک بلا روک ٹوک رسائی دے۔ آج یہ ضروری ہے کہ کشمیری قوم کی حالتِ زار پر روشنی ڈالی جائے اور سفاک بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی بھیانک خلاف ورزیوں پربھی روشنی ڈالی جائے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔
پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے: راناثناء اللہ
مناظر: 379 | 5 Feb 2023