اسلام آباد (نیو زڈیسک )آج سے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے ، موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ مری،کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے جبکہ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں بھی دو روز تک موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے وسطی علاقوں میں صبح سویرے موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لاہور کے علاقے گلشن راوی میں دو گھنٹوں میں 131 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، بارش کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔