اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی کی جانب سے لگائے گئے چھکوں پر بات چیت کی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر ایسا رہا جیسے کوئی گاڑی کھردری روڈ پر چل رہی ہو، مسلسل ڈگمگانے کے بعد بالآخر ٹیم نے فائنل کا ٹکٹ کٹوایا لیکن انگلینڈ نے ٹرافی تھامنے کا موقع نا دیا۔ ورلڈکپ میں پہلا میچ بھارت کے خلاف کھیلا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی اور میچ کے ہیرو ویرات کوہلی قرار پائے جنہوں نے 53 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
آخری چند اوورز میں ویرات نے حارث کی گیند پر دو چھکے لگائے جس کی وجہ سے ہدف کا تعاقب کرتی بھارتی ٹیم جیت کے قریب آئی۔ اس حوالے سے حارث نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ‘دنیا کا کوئی اور کھلاڑی ہوتا تو وہ مجھے اس وقت یہ چھکے نہیں لگاسکتا تھا، یہ کوہلی تھا۔
حارث نے کہا کہ ‘اگر مجھے یہ چھکے دنیش کارتک یا ہاردک پانڈیا نے لگائے ہوتے تو مجھے دکھ یا افسوس ہوتا، مجھے ویرات کوہلی نے یہ چھکے لگائے، اس کی ایک الگ کلاس ہے ‘۔ پاکستانی بولر نے بھارتی بیٹر کی تعریف میں مزید کہا کہ ‘کوہلی نے جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کھیلا، اس کی کلاس دکھائی دی، سب جانتے ہیں کہ وہ جس قسم کے شاٹس کھیلنے کا اہل ہے۔حارث رؤف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘مجھے اندازہ نہیں تھا کوہلی مجھے ایسے شاٹس لگاسکتا ہے۔
‘اگر دنیش یا پانڈیا مجھے وہ چھکے مارتے تو افسوس ہوتا لیکن کوہلی کی الگ کلاس ہے
مناظر: 284 | 1 Dec 2022