برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم لاہور اور اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کا سیفٹی آڈٹ کرنے پاکستان پہنچ گئی ہے، جبکہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آڈٹ کے تمام مراحل میں برطانوی وفد کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ماہرین پیر سے سیفٹی آڈٹ کا آغاز کریں گے۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا معائنہ کیا جائے گا۔
آڈٹ کے دوران برطانوی ٹیم پاکستان سے برطانیہ جانے والی براہِ راست پروازوں کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے گی۔ اس مقصد کے لیے سی سی ٹی وی نگرانی کے نظام، سکیورٹی پروٹوکول، کارگو ہینڈلنگ اور فلائٹ کیٹرنگ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جائے گا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ ساتھ پی آئی اے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اور کسٹمز حکام نے بھی آڈٹ کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اس آڈٹ کا مقصد پاکستان سے برطانیہ جانے والی براہِ راست پروازوں کے حفاظتی معیار اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان سے صرف پی آئی اے کی براہِ راست پروازیں لندن اور مانچسٹر کے لیے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام، 3 مسافر آف لوڈ