اسلام آباد:
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان میں مقیم نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی(Dr Mahir Binici) نے خبردارکیاہے کہ درمیانی مدت میں درآمدات میں اضافے اور ترسیلاتِ زر کی رفتار میں کمی کے باعث پاکستان کی مالیاتی صورتحال کمزور ہوسکتی ہے،اس لیے ملک کومعاشی تحفظ کیلیے اپنے مالیاتی ذخائر اور وسائل مضبوط بنانے کاعمل جاری رکھناہوگا۔
پاکستان پراسپیرٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرماہیر بنیشی نے کہاکہ پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی ہے، تاہم اس استحکام کو پائیدار ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کیلیے مسلسل، منصفانہ اور مرحلہ وار اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے اس سوال کا واضح جواب نہیں دیاکہ آیا پاکستان موجودہ سات ارب ڈالرکے آئی ایم ایف پروگرام کی مدت ختم ہونے کے بعد اگلے پانچ سال تک ایک اور پروگرام سے بچ سکے گایانہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بنیادی معاشی مشکلات میں انسانی اور طبعی سرمائے میں کم سرمایہ کاری شامل ہے، سرمایہ کاری میں کمی کے نتیجے میں پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی جبکہ کمزور پیداواری صلاحیت،محدودسرمایہ کاری اور کم برآمدات ایک دوسرے کومزید تقویت دے رہے ہیں۔
پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوارکے تقریباً 10فیصد تک محدودہوچکی ہیں اور بڑی تعدادمیں افرادی قوت کم پیداواری شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہاکہ پاکستان کاکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اس کی معاشی ساخت اور بچت و سرمایہ کاری کے فرق سے مطابقت رکھتاہے، مالیاتی اور بیرونی شعبے کے استحکام کیلیے ٹیکس، تجارتی پالیسی اور بیرونی شعبے میں اصلاحات ضروری ہیں، پاکستان کو وسیع، مستحکم اور قابلِ پیشگوئی ٹیکس نظام تشکیل دیناہوگا۔
آئی ایم ایف نمائندے نے خبردارکیاکہ پاکستان کے معاشی حفاظتی ذخائر ابھی محدودہیں اور پالیسیوں میں نظم وضبط کمزور پڑنے سے حاصل ہونیوالی کامیابیاں ضائع ہوسکتی ہیں، عالمی تنازعات میں شدت، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی تجارت میں رکاوٹیں پاکستان کیلیے بڑے خطرات ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات بلال اظہرکیانی نے کہاکہ ملک میں کسی نہ کسی صورت اختیارات کی حقیقی منتقلی یقینی بناناہوگی، نقدمالی امدادطویل مدتی مسائل کاحل نہیں، اس لیے قومی مالیاتی کمیشن کے موجودہ وسائل کی تقسیم کے فارمولے پرسنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے ماہرِ معاشیات رضوان راوجی نے آئی ایم ایف کے پروگراموں پر تنقیدکرتے ہوئے کہاکہ آئی ایم ایف نے غلط معاشی مشورے دیے ہیں جنہیں سخت شرائط کے ذریعے نافذکیاجاتاہے اور یہ اقدامات ترقی کیلیے نقصاندہ ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر اقتصادی مشیر لوئی ڈین نے کہاکہ پائیدار معاشی ترقی کیلیے برآمدات میں مسلسل اضافہ ناگزیر ہے،پاکستان کو بھی قواعد وضوابط کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے اور بین الاقوامی خریداروں کے اعتمادکے مطابق مصنوعات کی جانچ کانظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔