سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے کی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یہ حملے 6 اور 7 اکتوبر کی درمیانی شب کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیاہے کہ ابھا ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں مراکش اور الجزائر کی شہریت رکھنے والی دو خواتین جاں بحق ہوئیں جبکہ 28 افراد زخمی ہوگئے۔
ابھا ایئرپورٹ میں زخمی ہونے والے 28 افراد میں سعودی اور سعودی عرب میں مقیم بنگلا دیشی اور فلپائنی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔
متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ مسافروں اور ایئرپورٹ ملازمین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس واقعے سے ایک روز قبل 6 اکتوبر کو حوثیوں نے سعودی عرب میں 3 فوجی کارروائیاں کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کارروائیوں میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، رابغ میں آرامکو کی آئل ریفائنری، ابھا ایئرپورٹ اور خمیس مشیط میں ایک فوجی اڈہ نشانہ بنایا گیا۔
تاہم سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں ان حملوں کی ذمہ داری کسی گروہ پر عائد نہیں کی۔