فرانس میں مہنگائی، تنخواہوں اور تعلیمی اداروں کی صورتحال کے خلاف احتجاج کرنے والے تقریباً 15 ہزار افراد کو حالیہ ہفتوں کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی وزیر انصاف جیرالڈ درمانین نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 17 اکتوبر سے مہنگائی اور تنخواہوں کے خلاف مظاہروں کے دوران 7 ہزار 184 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے بعض احتجاج پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہوگئے۔
دوسری جانب ستمبر سے اسکولوں کے حالات کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ میں سے تقریباً 8 ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا۔
وزیر انصاف کے مطابق مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران گرفتار افراد میں سے 3 ہزار 53 کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ 666 مقدمات میں سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔ ان میں 195 افراد کو براہ راست جیل بھیج دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد میں 4 ہزار 523 بالغ اور 2 ہزار 661 نابالغ شامل تھے جبکہ طلبہ کے احتجاج میں گرفتار ہونے والوں میں سے صرف تین افراد کو حراست میں رکھا گیا، جن پر پولیس اہلکاروں یا اساتذہ پر حملے کا الزام ہے۔