نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں سوشل میڈیا پر خاتون بن کر 13خواتین کو ورغلانے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ملزم کی شناخت دلیپ پرساد کے نام سے ہوئی ہے، جس نے انسٹاگرام پر مونیکا کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا تھا۔
ملزم اس اکاؤنٹ سے لڑکی بن کر لڑکیوں کے ساتھ رابطہ کرتاانہیں بتاتا کہ وہ مونیکا ہے اور ایک آئی ٹی کمپنی میں منیجر کی ملازمت کرتی ہے اور کمپنی میں انہیں اچھی نوکری دلا سکتی ہے۔لڑکیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد وہ انہیں ایک ہوٹل میں اپنی کمپنی کے منیجر پرساد سے ملنے کو کہتی۔ یہ منیجر پرساد وہ خود ہوتا تھا۔
اس طرح وہ ہوٹلوں میں بلا کر لڑکیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا اور ان کی قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا۔بالآخر ایک لڑکی نے ملزم کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر پولیس کو اطلاع دے دی، جس پر ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ملزم کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے تھا تاہم وہ بنگلور میں ایک آئی ٹی کمپنی میں ایک سینئر پوزیشن پر کام کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اگرچہ تاحال ایک خاتون ہی سامنے آئی ہے تاہم اس کے فون سے 12دیگر لڑکیوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں اور ملزم نے انہیں بھی اسی طریقے سے ورغلانے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے۔
خاتون بن کر 13خواتین کو ورغلانے اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا بھارتی نوجوان گرفتار
مناظر: 351 | 7 Feb 2023