نئی دہلی ( نیوز ڈیسک ) نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباءنے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی ) اور شہریت ترمیمی ایکٹ(سی اے اے ) کے خلاف جدوجہد کے شہیدوں کو ان کی تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق2019اور 2020 میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف تاریخی مظاہروں کے دوران بھارتی پولیس اور ہندوتوا کے غنڈوں نے 100 سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔
انڈین یونین مسلم لیگ کی طلبہ تنظیم ”مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن “جواہر لال نہرو یونیورسٹی کیمپس یونٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے مقررین نے این آر سی اورسی اے اے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔انڈین یونین مسلم لیگ کے ممبر پارلیمنٹ ای ٹی محمد بشیر نے طلباءسے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں دونوں متنازعہ قوانین کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ طلباءنے ہمیشہ لڑنےکی ترغیب دی ہے۔
مسلم کارکن اور سماجی کارکن آصف مجتبیٰ نے شاہین باغ دہلی میںہوئے احتجاج اور دیگر مظاہروں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں اپنے ان بھائیوںکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں جنہیں مظاہروں کے دوران شہید کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ وہ اپنے ان ساتھیوں کے ساتھ بھی بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔
جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباءنے ”سی اے اے “ کیخلاف جدوجہد کے شہداءکی برسی منائی
مناظر: 921 | 22 Dec 2022