وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ‘کچھ لوگ’ علی امین گنڈاپور کی طرح اب سہیل آفریدی سے بھی ناراض ہیں اور انہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سیٹ سے ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل علی امین گنڈاپور نے جب وفاق کی بات سننا شروع کی تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، اب سہیل آفریدی ہماری بات سن رہے ہیں اور درست بات کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اس پر ناخوش ہیں اور ان کی چھٹی کرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پی ٹی آئی اگر کوئی نیا وزیراعلیٰ لانا چاہتی ہے تو شوق سے لے آئے۔
عالمی اور علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور ہماری سیاسی و عسکری قیادت مسلم ممالک کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران پر بمباری کے بعد اب سمندری ناکہ بندی پر اکتفا کر لیا ہے، جبکہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے آبنائے ہرمز کو کھلوایا جائے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق وزیراعظم اور نائب وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر عالمی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں تاکہ جنگ کا خاتمہ ہو سکے، کیونکہ اس صورتحال سے نہ صرف دنیا بلکہ پاکستان کو بھی شدید معاشی نقصان پہنچ رہا ہے۔