ذاتی کامیابیاں خوشی کا باعث بنتی ہیں، مگر میری ترجیح ہمیشہ ٹیم کی فتح ہوتی ہے، رونالڈو
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ناقدین کو اپنے انداز میں جواب دے دیا۔
گروپ مرحلے کے اہم میچ میں پرتگال نے ازبکستان کو 0-5 سے شکست دی، جس میں 41 سالہ رونالڈو نے دو گول اسکور کر کے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
میچ کے اختتام پر رونالڈو نے جذباتی انداز میں ’’میں واپس آ گیا ہوں‘‘ کا نعرہ لگایا، جسے ان ناقدین کے لیے واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز پر ان کی فارم اور صلاحیتوں پر سوال اٹھائے تھے۔
اس سے قبل ڈی آر کانگو کے خلاف پرتگال کا پہلا میچ 1-1 سے برابر رہا تھا، جس کے بعد رونالڈو کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ازبکستان کے خلاف میچ میں رونالڈو نے چھٹے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ بعد میں برونو فرنینڈس کے شاندار پاس پر دوسرا گول اسکور کر کے اپنی عمدہ کارکردگی مکمل کی۔
اس میچ کے ساتھ رونالڈو نے ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا اور وہ فٹبال ورلڈ کپ کے چھ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ انفرادی ریکارڈز یقیناً خوشی دیتے ہیں، لیکن ان کی اصل توجہ ہمیشہ ٹیم کی کامیابی اور اجتماعی کارکردگی پر مرکوز رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ٹیم کے لیے آسان نہیں تھا، تاہم کھلاڑیوں نے محنت، اعتماد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور انداز میں واپسی کی۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ پرتگال کی ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور مزید بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کر دیا