اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ایران کی جانب سے بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک پر کیے گئے حملوں کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اظہار مذمت کیا ہے۔
او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ او آئی سی کا جنرل سیکریٹریٹ بحرین، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، سلطنت عمان اور اردن کے خلاف ایران کے حملوں کی مذمت اور رد کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے ان ممالک کی خودمختاری کی واضح اور کھلم کھلا خلاف ورزی اور باہمی احترام کے تحت ایک اچھے ہمسائیوں کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ او آئی سی سیکریٹریٹ بحرین، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، سلطنت عمان اور اردن کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی اور تعاون کا اعادہ کرتا ہے اور ان کی جانب سے اپنی خود مختاری، سلامتی اور سرحدی سالمیت کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔