اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رائل سعودی بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللّٰہ المطیر نے ملاقات کی ہے۔ سعودی کمانڈر کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاع، سیکیورٹی، فوجی تربیت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور رائل سعودی بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللّٰہ المطیر نے علاقائی صورتِ حال اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات کے دوران سعودی بری فوج کے کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ معزز مہمان نے خطے میں امن کے لیے پاک فوج کی قربانیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔