لاہور(نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ (ق) کے رہنما و وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاسی تصفیہ کرواسکتی ہے لیکن ابھی تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مونس کا کہنا تھاکہ اعتماد کا ووٹ کب لینا ہے؟ اس کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے سے متعلق ہم نے ایک رائے دی، عمران خان نے فیصلہ سنا دیا، اب ہم اُس فیصلے کے پابند ہیں۔مونس نے ہارس ٹریڈنگ سے متعلق ن لیگ کا الزام بھی مسترد کیا اور بتایا کہ ہمارے نمبر تو پورے ہیں، منڈی ن لیگ نےلگانی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ماضی میں شجاعت حسین اورپرویزالٰہی مجھے بتاتے رہے کہ شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، جب سے سیاست میں آیا ہوں مجھے بتایا گیا شریفوں نے ہمیشہ دھوکا دیا، چوہدری شجاعت کا سافٹ ویئراپڈیٹ ہوگیا میرا نہیں ہوا، انہیں کچھ لوگوں اور اُن کے بچوں نے مس گائیڈ کیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگوں نے 2018 میں مجھے الیکشن لڑنے نہیں دیا کہ یہ پی ٹی آئی کی نشست ہے، اسی طرح کئی سیٹوں پرہمیں الیکشن نہیں لڑنے نہیں دیا گیا، جب الیکشن لڑنے نہیں دیا گیا تومیں نے کہا یہ توہمارے خاندان کی سیٹ ہے تو مجھے کہا گیا کہ آپ ضمنی ضمنی الیکشن لڑ لیجیے گا۔