اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر دیں، جن میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
سلمان صفدر ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا معطلی کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے مقدمے کے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عدالت شواہد کے ابتدائی جائزے کے بعد سزا معطلی پر فیصلہ دینے کی مجاز تھی، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔
اپیلوں میں کہا گیا ہے کہ عمران خان دورانِ قید بینائی سمیت مختلف طبی مسائل کا شکار رہے اور علاج کے لیے متعدد بار اسپتال منتقل کیے گئے، لیکن اس کے باوجود انہیں طبی بنیادوں پر کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا کہ مقدمے کی کارروائی غیر ضروری تاخیر کا شکار رہی کیونکہ نیب بار بار مہلت طلب کرتا رہا۔
درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سزا معطل کی جائے اور اپیلوں کے حتمی فیصلے تک انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ ان کی آنکھ کی سرجری ہو چکی ہے اور وہ تاحال طبی نگرانی کی محتاج ہیں۔ اپیل کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں نہ ان کے خلاف کوئی مالی فائدہ ثابت کیا گیا اور نہ ہی کسی سرکاری گواہ نے ان کے مبینہ کردار کی تصدیق کی۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست ایک سال سے زائد عرصے سے ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے، جبکہ کارروائی میں تاخیر کی وجہ نیب کی جانب سے بار بار التوا کی درخواستیں ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے درخواستیں واپس کر دیں۔
رجسٹرار آفس نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ قانونی ترامیم کے بعد اس نوعیت کی اپیلیں اور سزا معطلی سے متعلق معاملات وفاقی آئینی عدالت کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
بعد ازاں سلمان صفدر، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا سپریم کورٹ پہنچے۔ وکلا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کے نزدیک اپیلیں سپریم کورٹ میں ہی قابلِ سماعت ہیں، اس لیے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس