\
جمعہ‬‮   16   جنوری‬‮   2026
 
 

پاکستان میں ادویات اور میڈیکل آلات کی برآمدات میں 34 فیصد اضافہ

       
مناظر: 787 | 15 Jan 2026  

اسلام آباد: پاکستان میں ادویات اور میڈیکل آلات کی برآمدات میں 34 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے مطابق برآمدات میں یہ اضافہ ادارہ جاتی اصلاحات، شفاف نظام اور ڈیجیٹل اقدامات کا نتیجہ ہے۔

ڈریپ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ موثر ریگولیٹری نظام کے ذریعے اربوں روپے کی بچت ممکن بنائی گئی ہے جبکہ ان اصلاحات کا براہِ راست فائدہ عوام کو بھی پہنچا ہے، ریگولیٹری امور کا تقریباً 70 فیصد حصہ ڈیجیٹل ہو چکا ہے اور مارچ تک اسے 100 فیصد ڈیجیٹل بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ آن لائن میڈیکل ڈیوائسز رجسٹریشن سسٹم، ای آفس اور ون ونڈو سہولت جیسے اقدامات سے نہ صرف تاخیر میں نمایاں کمی ہوئی بلکہ برآمدات کے فروغ کے لیے سرٹیفکیشن کے اجرا کے دورانیے کو بھی کم کر دیا گیا ہے، ادویات کی برآمدی رجسٹریشن کا دورانیہ 60 دن سے کم ہو کر صرف 10 دن رہ گیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق ایف ایس سی اور سی او پی پی جیسے سرٹیفکیٹس جو پہلے 30 دن میں جاری ہوتے تھے، اب 5 دن میں فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا دورانیہ بھی کم ہو کر تقریباً 20 دن رہ گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کو دواسازی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے ون ونڈو سہولت کے تحت اقدامات جاری ہیں، نئی تھراپیز اور کینسر کے علاج سے متعلق مصنوعات کے لیے تیز رفتار منظوری کا نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔

ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے قومی سطح پر کوالٹی کنٹرول لیبارٹری نیٹ ورک قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ قومی ویکسین پالیسی کا مسودہ بھی تیار کر لیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر اے پی آئی (Active Pharmaceutical Ingredients) کی تیاری کے لیے روڈمیپ پر کام جاری ہے۔

ڈریپ کے مطابق وزیر اعظم نے دسمبر 2025 میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو اصلاحات پر شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ”ریفارم چیمپئن ایوارڈ“ بھی دیا تھا۔