پاکستان بھر میں 79 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز روایتی انداز میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ ، پشاور ، کلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔
مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پر وقار تقریب
اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نےمزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، بھارت نے ہمیں للکارا، ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں ددنان شکن جواب دیا کہ دنیا ہمین مان گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا، انگریز سرکار نے صوبہ سندھ کیخلاف سازش کی جو ناکام رہی، دس اکتوبر انیس سو اڑتیس صوبہ سندھ کراچی میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، صوبہ سندھ کو فخر ہے کہ جس نے پاکستان بنانے میں کردار نبھایا۔
مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد
دوسری جانب مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے افواج ہر وقت تیار ہیں اور قوم کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کی روشنی میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رکھا جائے گا۔
پشاور گورنر ہاؤس میں پروقار تقریب
پشاور میں 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
تقریب میں شریک شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔
ڈی ایچ اے کے تحت ساحل سمندر پر جشن آزادی کی تقریب
ڈی ایچ اے کراچی میں 79 واں جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں ساحلِ سمندر پر واقع نشانِ پاکستان پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی اور قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ڈی ایچ اے کے زیرِ انتظام منعقدہ ان تقریبات میں شہریوں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی ایچ اے کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر کار ریلی اور ہیوی بائک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے یومِ آزادی کی خوشیوں کا اظہار کیا۔
ڈی ایچ اے ایڈمنسٹریٹر نے تقریبات میں شریک افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے عزم کی تجدید کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے شہداء، مسلح افواج اور پوری قوم کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں معروف شخصیات، کاروباری برادری اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پرچم کشائی
یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہیڈ آفس میں پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر بینک کے افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔
تقریب کے دوران پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے ملکی یکجہتی اور روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا۔